[ad_1]

تصویر بشکریہ ٹوئٹر
تصویر بشکریہ ٹوئٹر

گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے لیے میں نے ایس ایچ او تبدیل کرنے کا کہا تھا لیکن اب تک کے حالات دیکھ کر تو کراچی پولیس چیف کو ہی تبدیل ہوجانا چاہیے۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری چودہویں سحری کے لیے سمن آباد پہنچے جہاں پر لوگوں نے ان کا پُرجوش استقبال کیا، ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی طحہٰ سلیم بھی موجود تھے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مسائل کا سب کو پتہ ہے لیکن عمل کرنے کے لئے کوئی تیار نہیں ہے، 75 سال میں کام کی بنیاد پر ووٹ مانگتے ہوئے کوئی نظر نہیں آیا، پہلا آدمی تھا جوکہ 1 کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر دینے کا اعلان کر کے اقتدار میں آیا لیکن اس نے بھی اپنا وعدہ پورا نہیں کیا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ یہاں پر جو آدمی بھی کرسی پر آکر بیٹھتا ہے کہتا ہے کہ کام نہیں کرنا، شہر اور صوبے کا سب سے بڑا مسئلہ اسٹریٹ کرائم ہے اسے کنٹرول کرائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایم ڈی سوئی گیس پرسوں میرے پاس آ رہے ہیں، میں نے ایم ڈی سوئی گیس کمپنی کو کہا ہے کہ جہاں کی گیس بند کرنی ہے کردیں لیکن گھروں میں گیس آنا چاہیے، اب تک میرے پاس 12 ہزار گیس کے بل جمع ہوگئے ہیں، کے الیکٹرک کو بھی کہا ہے کہ بجلی کی فراہمی کا مسئلہ حل کریں ۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ اب صرف افطار اور سحری کے لیے نہیں بلکہ پورا سال گورنر ہائوس عوام کے لیے کھلا ہو گا، کل سے ہماری ساتھ سحری کے پیکٹ بھی ہو ںگے، ہم مستحق افراد میں گھروں میں سحری بھی بانٹیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بیان کوئی بھی دے، کسی بھی قسم کا دے، جو بھی آئے عوام کے کام کرے،اگر ایمرجنسی لگانے کا قانون موجود ہے کوئی کچھ بھی لگائے فرق نہیں پڑتا، عوام کے کام کریں، کسی کو کوئی مسئلہ ہے تو مجھے سوشل میڈیا پر بتائیں یا پھر 1366 پر کال کریں۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ میں نے اسٹریٹ کرائم پر ایس ایچ او کو تبدیل کرنے کی بات کی تھی لیکن اب تک 34 قتل ہو چکے ہیں تو کراچی پولیس چیف کو ہی تبدیل ہوجانا چاہیے، بجٹ سے کٹوتی کر کے ایک مہینے کے اندر سیف سٹی پراجیکٹ مکمل کیا جائے، سی ایم سندھ مراد علی شاہ اچھے انسان ہیں لیکن کیوں مجبور ہیں سمجھ نہیں آتا۔

اس دوران کورونا ویکسیینٹر اسٹاف نے گورنر سندھ سے شکایت کی کہ انہیں 9 مہینے سے تنخواہ نہیں ملی، کرائے کے گھر میں رہتے ہیں کیسے گزارہ کریں گے؟

گورنر سندھ نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے اسے حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

سحری کے بعد گورنر سندھ کامران ٹیسوری ناظم آباد پاپوش نگر میں نائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پہنچ گئے۔

اس موقع پر گورنر سندھ نے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور ان کے ساتھ کرکٹ کھیلتے ہوئے خود بھی بیٹنگ کرتے ہوئے شاٹس لگائے۔



[ad_2]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *