فوٹو بشکریہ ٹوئٹر آئی کے ٹوڈے

لاہور میں عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی انتخابی ریلی جاری ہے، انتخابی ریلی گڑھی شاہو سے ہو کر ریلوے اسٹیشن پہنچ گئی، راستے میں جگہ جگہ ریلی کا استقبال کیا گیا۔

انتظامیہ نے پی ٹی آئی کی ریلی کو باکس سیکیورٹی فراہم کی ہے، جلوس کے روٹ کے اطراف کے راستے کنٹینر لگا کر بند کر دیے گئے، جلوس کے شرکاء صرف زمان پارک سے ہی ریلی میں شامل ہو سکتے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان بلٹ پروف گاڑی میں بیٹھے ہوئے ہیں، پی ٹی آئی کی ریلی داتا دربار پہنچنے کے بعد عمران خان کا خطاب ہو گا۔

پی ٹی آئی کی ریلی داتا دربار اور پھر واپس زمان پارک آئے گی، ریلی میں ایمبولینس بھی پھنس گئی، جس سے مریض کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ عمران خان ریلی کے اختتام پر اہم اعلان کریں گے، پُر امن ہیں اور رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ انتظامیہ ریلی کے روٹ میں رکاوٹیں نہ ڈالے، کنٹینر لگا کر رکاوٹیں نا لگائی جائیں، انتشار نہیں چاہتے۔

گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آج  ایک بار پھر لاہور میں ریلی نکالنے کا اعلان کیا تھا، صدر پی ٹی آئی لاہور شیخ امتیاز نے پی ٹی آئی کی ریلی کا شیڈول جاری کیا تھا۔

شیڈول کے مطابق ریلی دوپہر 2 بجے زمان پارک سے نکلے گی جو علامہ اقبال روڈ، ریلوے اسٹیشن اور شاہ عالم مارکیٹ چوک سے ہوتی ہوئی داتا دربار پہنچ کر اختتام پذیر ہوگی۔

اس سے قبل چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے 11 مارچ کو  لاہور میں ریلی نکالنے کا اعلان کیا تھا، تاہم انتظامیہ کی جانب سے اجازت نہ ملنے کے باعث پی ٹی آئی نے ریلی ایک دن کیلئے ملتوی کردی تھی ۔



Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *