تصویر میں نظر آنے والی گاڑی کا بس سے تصادم ہوا جس میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

وہاڑی کے قریب اندوہناک ٹریفک حادثے میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

ملتان روڈ پر موڑ رب راکھا کے قریب کار اور مسافر کوچ میں تصادم ہوگیا جس کے نتیجہ میں 10 سالہ بچے سمیت 4 افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے۔

جاں بحق ہونے والوں میں دو خواتین بھی شامل ہیں جبکہ حادثہ میں متعدد افراد شدید زخمی بھی ہوئے ہیں۔

مسافر کوچ ملتان سے وہاڑی جبکہ کار سوار وہاڑی سے ملتان کی طرف جا رہے تھے۔

مسافر کوچ کے ڈرائیور نے آگے جانے والے رکشہ کو کراس کرنے کی کوشش کی تو اس دوران کراسنگ کرتے ہوئے کوچ کار کے ساتھ آمنے سامنے سے ٹکرا گئی۔

کار سوار وہاڑی کے علاقہ پیر مراد کے رہائشی بتائے جا رہے ہیں، حادثہ کے زخمیوں کو ریسکیو نے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا۔

جاں بحق ہونے والے چاروں افراد کی لاشیں ان کے آبائی گھر پہنچا دی گئی ہیں۔

جاں بحق افراد شادی میں شرکت کیلئے وہاڑی سے دنیاپور جا رہے تھے، ان میں عفنان، ثریا بی بی زوجہ عبدالرشید، انعم بی بی، عفان جاں بحق جبکہ زخمیوں میں ثناء بی بی، عثمان احمد، شاہ زین اور انیب احمد شامل ہیں۔



Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *