وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ—فائل فوٹو

وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ اگر ہر قیمت پر عمران خان کو گرفتار کرنا ہوتا تو پی ٹی آئی کارکن برگز رکاوٹ نہیں بن سکتے تھے جو انہوں نے بٹھائے ہوئے ہیں۔

فیصل آباد کی زرعی یونیورسٹی میں جشنِ بہاراں کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ عمران خان پر قاتلانہ حملے کا کوئی معاملہ نہیں ہے، ان پر پہلے بھی قاتلانہ حملے کی کہانی جھوٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان عدالت میں پیش نہ ہونے اور سزا سے بچنے کے لیے بہانے کر رہے ہیں، گرفتاری کی کوشش کی وجہ سے وہ عدالت میں پیش نہیں ہو رہے، ان پر توشہ خانے کی فردِ جرم لگنی ہے، ان کو پتہ ہے کہ پیش ہوں گا تو فردِ جرم لگنی ہے۔

وزیرِ داخلہ نے کہا کہ پولیس عدالت کا آرڈر لے کر زمان پارک پہنچی ہے، پولیس عدالتی حکم کی تعمیل کو پورا کرنے کے لیے زمان پارک آئی ہے، عدالت کو صورتِ حال سے آگاہ کیا جائے گا، عمران خان کی گرفتاری کے لیے پولیس آئی ہے، ان کا الزام ہی بنیادی طور پر غلط ہے، وہ عدالتوں میں پیش نہ ہونے کے بہانے ڈھونڈ رہے ہیں۔

رانا ثناء اللّٰہ کا مزید کہنا ہے کہ الیکشن میں توسیع کے لیے ترمیم کی ضرورت نہیں، سیاسی جماعتیں تو الیکشن کرانے کی ذمے دار نہیں، ہم الیکشن لڑنے کے لیے تیار ہیں، ن لیگ الیکشن کے لیے پوری طرح تیار ہے، بنیادی مؤقف ہے کہ ملک کی بہتری کے لیے الیکشن ہوں، الیکشن عمران خان کی ضد کی وجہ سے نہیں ہونا چاہیے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کھیل کے میدان آباد ہوں گے تو حوصلے بلند ہوں گے، کبڈی پنجاب کا روایتی کھیل ہے، ایسےکھیلوں کو پزیرائی ملنی چاہیے۔



Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *