[ad_1]

فائل فوٹو
فائل فوٹو

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ کراچی کی آبادی کسی بھی طرح سے سوا 4 کروڑ سے کم نہیں، شہر کی آبادی کو سوا 4 کروڑ سے کم شمار کیا گیا تو ہم اسے تسلیم نہیں کریں گے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ گزشتہ روز خالد مقبول صدیقی نے وزیراعظم سے ملاقات کی اور ان کے سامنے مردم شماری سے متعلق اپنے تحفظات رکھے۔

فاروق ستار نے کہا کہ کراچی میں 16 ہزار بلاکس جو بنے ہیں ہم انہیں مسترد کرتے ہیں، کراچی میں کم از کم 25 ہزار بلاکس بننے چاہییں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں رہنے والا جو یہاں کھاتا ہے کماتا ہے اس کا شمار بھی کراچی ہی میں ہونا چاہیے۔

فاروق ستار نے کہا کہ یکم مارچ سے مردم شماری کے اصل مرحلے کا آغاز ہوا ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو پوری پاکستانی قوم کو آگاہی دینی چاہیے۔

فاروق ستار نے کہا کہ شکایات ملی ہیں کہ شمار کنندگان کو کہا جارہا ہے کہ 5 سال سے کم عمر بچوں کو شمار نہ کیا جائے، اس پر گہری تشویش ہے متعلقہ ذمے داران اس بات کا نوٹس لیں۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے علاوہ مردم شماری میں کسی سیاسی جماعت کی دلچسپی نظر نہیں آئی۔

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما نے کہا کہ انتخابات لڑنے کے لیے ساری جماعتیں سرگرم عمل ہوتی ہیں، افسوس کہ مردم شماری میں کوئی بھی سیاسی جماعت سرگرم نہیں۔

فاروق ستار نے یہ بھی کہا کہ پی پی پی کا تو کسی بھی طرح سے مردم شماری کے عمل سے کوئی تعلق نہیں۔



[ad_2]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *