شاہد خاقان عباسی—فائل فوٹو

احتساب عدالت اسلام آباد نے ایل این جی ریفرنس میں سابق وزیرِ اعظم، ن لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی اور عظمیٰ عادل کے وارنٹِ گرفتاری منسوخ کر دیے۔

جج ناصر جاوید رانا کی احتساب عدالت میں شاہد خاقان عباسی کے وکیل بیرسٹر ظفر اللّٰہ کی جانب سے وارنٹِ گرفتاری منسوخ کرنے کی درخواست دائر کی گئی۔

بیرسٹر ظفر اللّٰہ نے درخواست میں مؤقف اپنایا کہ شاہد خاقان عباسی عدالت آ رہے تھے، راستے میں تھے، انہیں عدالت پہنچنے میں کچھ تاخیر ہوئی۔

بیرسٹر ظفر اللّٰہ نے اپنی درخواست میں یہ بھی کہا کہ شاہد خاقان عباسی کے وقت پر نہ پہنچ پانے پر عدالت نے وارنٹ جاری کر دیے۔

احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے بیرسٹر ظفر اللّٰہ کی درخواست منظور کر تے ہوئے شاہد خاقان عباسی اور عظمیٰ عادل کے وارنٹِ گرفتاری منسوخ کر دیے۔

اس سے قبل اسی احتساب عدالت نے آج ایل این جی ریفرنس میں شاہد خاقان عباسی اور عظمٰی عادل کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کیے تھے۔

عدالت کی جانب سے شاہد خاقان عباسی کی عدم پیشی پر ان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔



Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *