کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں 600 گز پلاٹ پر مشینری کی مدد سے بیسمنٹ کی کھدائی کے دوران پلاٹ سے متصل مکان گر گیا۔
مکان مالک کے مطابق مشینری کی وجہ سے مکان کی بنیادوں کو نقصان پہنچا جس کے باعث مکان گرا، مکان میں رہائش پذیر افراد پہلے ہی باہر نکل آئے جس کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
تباہ ہونے والے مکان کے مالک مسعود الرحمان نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ 15 سال سے اس گھر میں رہائش پذیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پلاٹ کی بیسمنٹ کی کھدائی کے دوران مشینری نے ہمارے گھر کی بنیادوں کو نقصان پہنچایا جس کی وجہ سے گھر گرا۔
ان کا کہنا تھا کہ پلاٹ پر تعمیر کی ایس بی سی اے سے اجازت بھی لی گئی تھی یا نہیں اس بارے میں بھی نہیں پتا۔
مسعود الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ زیر تعمیر پلاٹ کے مالک کے خلاف مقدمہ بھی درج کرائیں گے اور قانونی نوٹس بھی بھیجیں گے۔
دوسری جانب گلستان جوہر پولیس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچی اور متاثرہ افراد سے واقعہ کی تفصیلات حاصل کیں۔