فائل فوٹو 

بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہونے کی وجہ سے ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔

ذرائع نیشنل پاور کنٹرول کے مطابق، اس وقت سسٹم مکمل طور پر بند ہے، مین لائینوں میں فالٹ کی وجہ سے پورا سسٹم بیٹھ گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی بجلی کے بریک ڈاون کی وجہ جاننے کی کوشش کی جارہی ہے، بحالی میں کئی گھنٹے لگ سکتے ہیں۔

وزارت توانائی کے مطابق، وارسک سےگرڈ اسٹیشنز کی بحالی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

پاورڈویژن کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور پشاورسپلائی کمپنیز کےمحدود علاقوں میں گرڈ بحال کردیےگئے۔

ترجمان اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے مطابق، 117 گرڈ اسٹیشنز کو بجلی کی فراہمی معطل، ترجمان آئیسکو

اُنہوں نے بتایا کہ ریجن کنٹرول سینٹر کی جانب سے ابھی تک کوئی واضح وجہ نہیں بتائی گئی۔

ترجمان آئیسکو کا کہنا ہے کہ آئیسکو انتظامیہ متعلقہ حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔

اس حوالے سے آئیسکو کے سی ای او ڈاکٹر محمد امجد نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گرڈ کی بحالی کا عمل شروع ہوگیا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ ملک بھر میں بجلی کی بحالی رفتہ رفتہ ہوگی تاکہ سسٹم پر لوڈ نہ پڑے۔

دوسری جانب، سیکریٹری پاور ڈویژن راشد محمود نےجیو نیوز کو بتایا کہ بجلی بریک ڈاون کے معاملے پر تحقیقات کی ہدایت کردی۔

اُنہوں نے کہا کہ ابتدائی اندازے کے مطابق، خرابی ساؤتھ ریجن میں پیدا ہوئی۔

کراچی الیکٹرک کے ذرائع کے مطابق، 90 فیصد شہر کی بجلی غائب ہے، نیشنل گرڈ میں خلل اس بریک ڈاؤن کا ممکنہ سبب ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کے بریک ڈاؤن کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کررہے ہیں، مکمل بحالی میں 5 گھنٹے لگ سکتے ہیں۔

ترجمان کےالیکٹرک کا کہنا ہے کہ بجلی بندش کی وجوہات کی تحقیقات کے ساتھ ٹیمز بجلی کی بحالی کے لیے بھی متحرک ہیں۔

واٹر بورڈ نے بتایا کہ بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث کراچی کو پانی کی پمپنگ بھی متاثر ہے۔

لیسکو ذرائع کے مطابق، صوبہ پنجاب میں بھی لاہور سمیت تمام بڑے اورچھوٹے شہر بجلی سے محروم ہوگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق، فیصل آباد، ٹی ٹی سنگھ، گوجرہ،سرگودھا، شور کوٹ، پیر محل اور دیگر کئی علاقوں میں بجلی بند ہے۔

ذرائع کی جانب سے موصول ہونے والی ابتدائی معلومات کے مطابق جنوبی و شمالی مین لائینوں میں بیک وقت فالٹ آنے کی وجہ سے بجلی کی فراہمی معطل ہوئی۔

لاہور میں بجلی کے بریک ڈاؤن کےباعث اورنج لائین ٹرین کی سروس بھی بند ہوگئی۔

کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کے حکّام کے مطابق، صوبہ بلوچستان میں کوئٹہ سمیت 22 اضلاع میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔

کیسکو حکّام کا کہنا ہے کہ گڈو سے کوئٹہ آنے والی بجلی کی دونوں ٹرانسمیشن لائنیں ٹرپ کرگئی ہیں۔

صوبہ خیبر پختونخواہ میں پشاور میں صبح ساڑھے 7 بجے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

ذرائع کے مطابق، پشاورمیں اندرون شہر، صدر، گل بہار، ہشتنگری، حیات آباد اور نواحی علاقوں میں بجلی بند ہے۔

اس کے علاوہ دلہ زاک روڈ، جی ٹی روڈ، کوہاٹ روڈ اور چارسدہ روڈ کےعلاقوں میں بھی بجلی بند ہے۔

پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے مطابق، بجلی معطلی کی وجوہات جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔



Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *