[ad_1]
وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ پرویز الہٰی کی دو نمبری سامنے آئی ہے، صورت حال ایسی ہے کہ ان کو ہمارے اور ہمیں ان کے ناموں پر اعتبار ممکن نہیں، پنجاب کے الیکشن موخر ہونا خارج از امکان نہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کے دوران رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ عمران خان اسمبلی میں اُسی طرح آئیں گے، جس طرح ہمارے وارے میں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں پی ڈی ایم خالی ہونے والے 35 حلقوں پر ضمنی الیکشن نہیں لڑے گی، کون 2، 3 ماہ کےلیے الیکشن لڑے۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ہمیں اعتماد کے ووٹوں کےلیے پی ٹی آئی کے ووٹوں کی ضرورت نہیں ،ہمارے پاس ووٹ مکمل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اپریل میں پنجاب اسمبلی کے انتخابات ہو تو بھی ہماری تیاری ہے، ہم الیکشن کی تیاری میں جاچکے ہیں، کوئی صرف 2 ماہ کی مدت کےلیے 35 حلقوں میں ضمنی انتخاب کیوں لڑے۔
رانا ثناء اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ سی سی آئی اجلاس میں فیصلہ آیا کہ 2017 کی مردم شماری پر صرف2018 کا الیکشن ہوگا، اگلا الیکشن نئی مردم شماری پر ہوگا یہ ایک چیز موجود ہے، اس پر الیکشن کمیشن یا عدالت کوئی فیصلہ کرسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت معیشت ایشو ہے عمران خان کوئی ایشو نہیں، پی ٹی آئی چیئرمین حکومت کو گراتے ہوئے ملک کو گرانے کی کوشش کررہے ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ جنیوا میں اسحاق ڈار کے مذاکرات سے امید نکلی ہے، اب بات آئی ایم ایف کو بھی سمجھ آرہی ہے، معاہدہ بھی ہوجائے گا۔
ان کا کہنا تھاکہ ہفتہ دس دن میں مریم نواز وطن واپس آجائیں گی، دوسری طرف محمد بن سلمان فروری اور چینی صدر مارچ میں پاکستان آئیں گے۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ پنجاب میں نگراں سیٹ اپ کے لیے کمیٹی کے پاس 2 روز ہیں، اس معاملے میں پارٹیوں میں اتفاق ہونا ہی نہیں ہے، الیکشن کمیشن کو ہی کوئی نام فائنل کرنا پڑے گا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر اپریل میں الیکشن نہیں ہوتے تو پھر اکتوبر میں جب پورے ملک میں ہوں گے تو پنجاب میں بھی ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ فیصلہ ہوا تھا کہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) خیبرپختونخوا کو مضبوط کیا جائے، اس پر کافی کام ہوا ہے، اب صوبے میں ادارہ کافی متحرک ہے۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ ملک میں ایسا کوئی ایریا نہیں جہاں دہشت گردوں نے اپنا گڑھ نہ بنالیا ہو، پہلے جو ملٹری آپریشنز ہورہے تھے اب وہ مزید موثر بنا کر کیے جارہے ہیں۔
[ad_2]