[ad_1]

آئندہ کے لائحہ عمل کیلئے مشاورت کا آغاز کر دیا ہے، پرویز الہٰی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں ضم ہونے سے متعلق چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے مشاورت کا آغاز کردیا ہے، اتفاق رائے سے فیصلہ کریں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے ق لیگ کو پی ٹی آئی میں ضم ہونے کی پیشکش پر  غور کرنے کے لیے پرویز الہٰی کی زیر صدارت اہم مشاورتی اجلاس ہوا۔

اجلاس میں مسلم لیگ (ق) کے الیکٹورل کالج کے تمام عہدیدار شریک ہوئے، جبکہ تحریک انصاف میں ضم ہونے کےحوالے سے مشاورت بھی کی گئی۔

شرکا نے پی ٹی آئی کے ساتھ ضم ہونے کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں، اجلاس کے شرکاء نے پرویز الہٰی کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے تمام فیصلوں کا اختیار پرویز الہٰی کو تفویض کردیا گیا۔

مسلم لیگ ق کے اجلاس میں مشاورتی عمل کو مزید بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا، ضلع کی سطح پر پارٹی عہدیداران سے بھی مشاورت کی جائے گی، تمام ضلعی عہدیداران کے اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مسلم لیگ ہاؤس میں بھی عہدیداران کا اجلاس بلایا جائے گا، پرویز الہٰی خود بھی عہدیداران سے خطاب کریں گے، خواتین ونگ پنجاب کی صدر خدیجہ فاروقی خواتین عہدیداران سے مشاورتی عمل کا آغاز کریں گی۔

پارٹی عہدیداران نے اعلان کیا کہ پرویز الہٰی ہمارے لیڈر ہیں، ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے،  پوری سیاسی اور عوامی قوت کے ساتھ پرویز الہٰی کے شانہ بشانہ ہیں۔



[ad_2]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *