[ad_1]

چوہدری پروز الہٰی اور محمد بلیغ الرحمٰن—فائل فوٹو
چوہدری پروز الہٰی اور محمد بلیغ الرحمٰن—فائل فوٹو

پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ چوہدری پرویز الہٰی اور گورنر محمد بلیغ الرحمٰن نے سال نو کی آمد پر پیغام میں کہا ہے کہ نئے سال میں پرانی عداوتیں بھول کر محبتیں بانٹیں۔

جاری کیے گئے بیان میں چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ 2023ء پاکستانی قوم کے لیے عزمِ نو کی نوید ہے، دعا ہے کہ نیا سال وطنِ عزیز میں معاشی، سیاسی استحکام اور خوش حالی لائے۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ نئے سال میں جوش و جذبے کے ساتھ وطن عزیز کی ترقی کے لیے کام کرنے کا عہد کرتے ہیں، 2023ء میں بھی عوام کی فلاح و بہبود کا مشن جاری رکھیں گے، دین کی خدمت کا جو بیڑا اٹھایا ہے، اسے مزید آگے بڑھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ان شاء اللّٰہ نیا سال روشن مستقبل، مضبوط معیشت، ترقی کی نوید اور امید بن کر طلوع ہو گا، 2023ء میں ماضی سے سبق سیکھ کر مستقبل میں اصلاح کے عزم کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔

دوسری جانب گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ ان شاء اللّٰہ یہ سال ملکی ترقی، استحکام اور امن کا سال ثابت ہو گا۔

ان کا کہنا ہے کہ دعا ہے کہ نیا سال سب کے لیے خیر و برکت کا سال ہو، افواج پاکستان اور سیکیورٹی فورسز کے شہداء کو بھی خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں۔

گورنر پنجاب نے کہا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ نئے سال میں ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہو، نئے سال کے آغاز پر ہمیں کشمیری اور فلسطینی بہن بھائیوں کو بھی یاد رکھنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ ان شاء اللّٰہ کشمیریوں اور فلسطینی بہن بھائیوں کو بھی آزادی کا سورج دیکھنا ضرور نصیب ہو گا۔

اپنے بیان میں گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے یہ بھی کہا ہے کہ سیاسی جماعتیں ملکی ترقی اور استحکام میں اپنا کردار ادا کریں۔



[ad_2]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *