[ad_1]
جنوبی پنجاب کے ضلع راجن پور میں انڈس ہائی وے پر شاہ والی کے مقام پر گہری دھند کے باعث 2 بسیں آپس میں ٹکرا گئیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے نتیجے میں 8 افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ 20 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
زخمیوں کو بس کی باڈی کاٹ کر نکالا گیا اور شاہ والی اور تحصیل روجھان کے اسپتال منتقل کیا گیا۔
حادثے میں متاثر بسوں میں سے ایک بس پشاور سے کراچی جا رہی تھی جبکہ دوسری بس کوئٹہ سے راجن پور آ رہی تھی۔
ریسکیو ذرائع نے بتایا ہے کہ حادثہ دھند کی وجہ سے پیش آیا ہے، زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب کمشنر راجن پور لیاقت علی چٹھہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو اسپتالوں میں بہترین علاج معالجے پر توجہ دی جائے۔
کمشنر راجن پور لیاقت علی چٹھہ کا ہدایت دیتے ہوئے یہ بھی کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کے ورثاء کو تلاش کر کے میتوں کی منتقلی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
اُدھر وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے راجن پور کے قریب پیش آنے والے ٹریفک حادثے کی رپورٹ طلب کر لی۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو حکم دیا ہے کہ حادثے کے ذمے دار ڈرائیور کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔
[ad_2]