فائل فوٹو

وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا امن و امان کی صورتِ حال پر سنجیدگی سے توجہ دیں اور اپنے صوبے میں زیادہ اور زمان پارک میں کم وقت گزاریں۔

وزیرِ داخلہ نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں لکی مروت کے تھانہ برگئی پر دہشت گرد حملے کی مذمت اور شہید پولیس اہلکاروں کے اہلِ خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ خیبر پختون خوا میں امن و امان کی بگڑتی صورتِ حال انتہائی باعثِ تشویش ہے۔

 رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ کے پی کے عمران خان کے آلۂ کار بننے کے بجائے عوام کے تحفظ کی ذمے داریاں پوری کریں۔

ان کا کہنا ہے کہ کے پی کے پولیس پر دہشت گردوں کے حملوں میں اضافہ نیک شگون نہیں، پولیس پر حملے ہو رہے ہیں تو عوام کے تحفظ کا کیا حال ہو گا؟

وزیرِ داخلہ نے کہا کہ پولیس کی صلاحیت بڑھانے کے لیے کے پی کے حکومت کو ہر ممکن مدد اور تعاون دینے کو تیار ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ خیبر پختون خوا حکومت شہداء کے خاندان کو شہداء پیکیج کی جلد فراہمی یقینی بنائے۔

واضح رہے کہ خیبر پختون خوا کے ضلع لکی مروت کے تھانے برگئی پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکار شہید اور 4 زخمی ہو گئے تھے۔



Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *