فوٹو ٹوئٹر

سندھی ثقافت کے دن پر صوبے بھر میں سندھی ٹوپی اور اجرک کی بہار دیکھنے میں آئیں، کلچر ڈے پر کہیں ریلیاں نکالی گئیں تو کہیں تقاریب کا اہتمام کیا گیا، نوجوانوں اور بچوں نے سندھی لوک گیتوں کی دھنوں پر رقص کیا۔

بچے، خواتین، مرد حضرات سب نے سندھی کلچر ڈے بھرپور انداز میں منایا، سکھر کی تحصیل پنوعاقل میں شہریوں کی جانب سے 300 فٹ چوڑی اجرک ریلی نکال کر سیلاب متاثرین سے اظہار یکجہتی کی گئی۔

ٹنڈوالہٰ یار میں ریلیاں نکالی گئیں، ریلی میں شریک بچوں نے رنگ برنگے لباس زیب تن کیے، بچوں نے چاروں صوبوں کے روایتی لباس پہن کر ہاتھوں کی زنجیر بنائی اور رقص کیا۔

کندھ کوٹ میں مختلف سیاسی سماجی تنظیموں نے سندھی ٹوپی اجرک پہن کر ریلیاں نکالیں، ریلیوں میں شریک لوگوں نے مختلف سندھی گیتوں پر رقص بھی کیا۔

لاڑکانہ کے مختلف اسکولوں میں بھی یوم ثقافت کی تقریبات منعقد ہوئیں، مختلف سماجی تنظیموں کی جانب سے یوم ثقافت جوش و خروش سے منایا گیا۔

خیرپور شہر کے پنج گلہ چوک، چھتری چوک، مال روڈ اسٹیشن روڈ، گاڑھی پل، خاکی شاھ پل میں اسٹال لگائے گئے۔



Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *