[ad_1]

عمران خان پر حملے میں استعمال اسلحے اور گولیوں کے خول حاصل کرلیے گئے، پی ٹی آئی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان پر ہونے والے حملے میں استعمال اسلحے اور گولیوں کے خول حاصل کر لیے گئے، حملے کی جگہ سے جمع کیا گیا مواد فرانزک کیلئے بھیجا جا رہا ہے۔

عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کا لاہور میں اجلاس ہوا، جس میں مشیرداخلہ پنجاب عمرسرفراز چیمہ نےحقیقی آزادی مارچ پر حملے کی اب تک کی تحقیقات سے آگاہ کیا۔

عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ آئی جی پنجاب اور سی ٹی ڈی نے صوبائی کابینہ کو حملے کے معاملے پر بریفنگ دی، بریفنگز میں بتایا گیا کہ ایک سے زائد حملہ آور نے چیئرمین تحریک انصاف کو نشانہ بنایا، حملے میں استعمال اسلحے اور گولیوں کے خول حاصل کر لیے گئے، حملے کی جگہ سے جمع کیا گیا مواد فرانزک کے لیے بھیجا جا رہا ہے، کنٹینر کو محفوظ کرنے کے بعد فرانزک کے لیے بھیجا جا رہا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ 3 اراکین پر مشتمل مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کل تک بنا دی جائے گی، مقامی پولیس کی تحقیقات مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو مہیا کی جائیں گی۔

پی ٹی آئی اعلامیے کے مطابق اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال، حقیقی آزادی مارچ کے اگلے مرحلے کے آغاز پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ اجلاس میں سینئر قائدین نے حقیقی آزادی مارچ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا، جس کے مطابق  مارچ کل وزیر آباد میں حملے کے مقام سے دوبارہ شروع کیا جائے گا، وزیر آباد میں عوامی اجتماع کے انعقاد کے بعد مارچ راولپنڈی کی جانب بڑھے گا۔

اعلامیے کے مطابق فیصل آباد اور ملک کے دیگر حصوں سے قائدین قافلوں کی شکل میں راولپنڈی کی جانب بڑھیں گے، ملک بھر سے قافلے نومبر کے تیسرے ہفتے میں راولپنڈی پہنچیں گے۔

اجلاس میں کہا گیا کہ تحریک انصاف کا ایک ہی بنیادی مطالبہ ہے انتخابات جلد از جلد کروائے جائیں، اسمبلیاں تحلیل اور چاروں صوبوں میں فوری انتخابات کی راہ ہموار کی جائے۔

 پی ٹی آئی اعلامیے کے مطابق اجلاس میں چیئرمین تحریک انصاف کے حق میں متفقہ قرارداد بھی منظور کی گئی، جبکہ پی ٹی آئی کے منتخب اراکین شہباز شریف، رانا ثنا اللّٰہ کے خلاف ایف آئی آر کی استدعا کریں گے۔



[ad_2]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *