[ad_1]
سابق وزیراعظم عمران خان پر حملے کے بعد ان کی دو میڈیکل رپورٹوں میں واضح فرق سامنے آگیا ہے۔
لاہور کے جناح اسپتال کی رپورٹ کے مطابق عمران خان کو دونوں ٹانگوں میں ایک ایک گولی لگی، جب کہ شوکت خانم اسپتال نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ عمران خان کی صرف دائیں ٹانگ میں گولی کے چار ٹکڑے ملے ہیں۔
شوکت خانم اسپتال کی میڈیکل رپورٹ کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کی ران اور ٹانگ سے گولی کے ٹکڑے نکالنے کے لیے آپریشن کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق دو ٹکڑے ران میں موجود خون کی بڑی شریان کے قریب تھے۔ ایک ٹکڑا ان کی دائیں ٹانگ کی پنڈلی کے قریب تھا جو پنڈلی میں فریکچر کا سبب بنا۔ عمران خان کی دائیں ٹانگ سے گولی کے چار ٹکڑے نکال لیے گئے اور دائیں ٹانگ پر پلاسٹر کیا گیا۔
جناح اسپتال انتظامیہ کے مطابق عمران خان کی دائیں ٹانگ پر گولی چھو کر گزر گئی جبکہ بائیں ٹانگ میں لگنے والی گولی نے ہڈی کو متاثر کیا۔
جناح اسپتال انتظامیہ کے مطابق عمران خان کی دونوں ٹانگوں پر زخموں کے 16 نشانات پائے گئے، جمعے کو عمران خان خود یہ دعویٰ کر چکے ہیں کہ انہیں 4 گولیاں لگی ہیں۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی رہنما اور وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ عمران خان کو دو گولیاں لگیں۔
[ad_2]