وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) لانگ مارچ میں عمران خان کے کنٹینر کے نیچے آکر جاں بحق ہونے والی خاتون صحافی صدف نعیم کی موت کی تحقیقات کروانے کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد سے جاری بیان میں رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ صحافی صدف نعیم کی موت کی تحقیقات کروائی جائے، موقع پر موجود صحافیوں کے انکشافات کے بعد معاملہ مشکوک ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی قانونی ذمہ داری ہے بےگناہ خاتون رپورٹر کی موت کی تحقیق کروائے، جاں بحق خاتون رپورٹر کے ساتھی صحافیوں کا بیان ہے صدف کو دھکا دیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ دھکا دینے والے شخص کو گرفتار کرکے قانون کے تقاضے پورے کیے جائیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ خاتون صحافی کو دھکا دینے کے شہادتی بیان کے بعد ضروری ہے کہ واقعے کی تحقیقات کی جائیں۔

رانا ثناء اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ پنجاب حکومت نے اپنی قانونی ذمے داری پوری نہ کی تو وفاقی حکومت اپنا قانونی فرض ادا کرے گی۔



Leave a Reply

Your email address will not be published.