لانگ مارچ سے متعلق پیمرا کی ہدایات جاری—فائل فوٹو

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے پاکستان تحریکِ انصاف کے لانگ مارچ کی لائیو کوریج اور تقاریر سے متعلق چینلز کو ہدایات جاری کر دیں۔

پیمرا کا جاری کیے گئے اعلامیے میں کہنا ہے کہ لانگ مارچ کے دوران پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی تقاریر کے دوران تاخیری نظام لاگو کیا جائے۔

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے اعلامیے میں کہا ہے کہ تاخیری نظام نہ لگانے والے ٹی وی چینلز کے لائسنس کی معطلی سمیت ان کے خلاف قانونی کارروائی ہو گی۔

اپنے اعلامیے میں پیمرا کا کہنا ہے کہ تمام چینلز ریاستی اداروں کو بدنام کرنے والا مواد نشر کرنے سے احتراز کریں۔

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کا اعلامیے میں کہنا ہے کہ اعلیٰ عدالتی احکامات اور پیمرا قوانین کے مطابق لائیو کوریج میں تاخیری نظام ہونا چاہیے۔

پیمرا کی جانب سے اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز کی ٹرانسمیشن میں مشاہدے میں آیا ہے کہ تقاریر میں ریاستی اداروں کے خلاف بیانات لائیو نشر ہوئے، جو ضابطۂ اخلاق اور اعلیٰ عدالتوں کے احکامات کی خلاف ورزی ہے۔

واضح رہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے مابین پنجہ آزمائی شروع ہو گئی ہے۔

پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے گزشتہ روز لاہور سے لانگ مارچ کا آغاز کر دیا ہے۔

گزشتہ روز لاہور کے لبرٹی چوک سے شروع ہونے والا لانگ مارچ اپنے پہلے دن داتا دربار پر پہنچ کر ختم ہوا تھا۔

آج لانگ مارچ کا آغاز شاہدرہ سے کیا گیا ہے جو مختلف علاقوں سے ہوتا ہوا گوجرانوالہ پہنچے گا۔



Leave a Reply

Your email address will not be published.