سپریم کورٹ بار کے صدر احسن بھون نے وفاقی وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ کے استعفے کی وجہ بتا دی۔
اعظم نذیر تارڑ نے اپنے استعفے میں لکھا ہے کہ ذاتی وجوہات کی بنا پر وفاقی وزیرِ قانون کے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے۔
دوسری جانب سپریم کورٹ بار کے صدر احسن بھون نے اس حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ سینیارٹی سے ہٹ کر ووٹ دینا اعظم نذیر تارڑ کے استعفے کی وجہ بنا۔
ان کا کہنا ہے کہ اعظم نذیر تارڑ اصولوں پر کھڑے تھے اور انہوں نے ہمیشہ آئین اور قانون کی بالادستی کی بات کی۔
احسن بھون کا مزید کہنا ہے کہ عاصمہ جہانگیر کانفرنس ایسا فورم ہے جہاں سب کو اظہارِ آزادیٔ رائے کا حق حاصل ہے۔
سپریم کورٹ بار کے صدر کا یہ بھی کہنا ہے کہ اداروں اور حکومت کو وزیرِ قانون سے وضاحت مانگنے یا ذمے دار ٹھہرانے کے حوالے سے سوچنا چاہیے۔
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے ذاتی وجوہات کی بنا پر اچانک استعفیٰ دے دیا۔
ذرائع کے مطابق اعظم نذیر تارڑ نے ہاتھ سے لکھا ہوا اپنا استعفیٰ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو بھجوا دیا ہے۔
اعظم تارڑ نے استعفیٰ میں کہا ہے کہ وہ ذاتی وجوہات کی بنا پر بطور وفاقی وزیر اپنی ذمہ داریاں مزید سر انجام نہیں دے سکتے۔