فوٹو: جنگ

انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس سندھ غلام نبی میمن نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی مدد سے انسداد جرائم کو یقینی بنانے اور حقیقی معنوں میں جرائم پیشہ عناصر کو شکست دینے کے ضمن میں تلاش ڈیوائس اور سپر ایپ کو ایک مؤثر اور بہترین ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔

وہ سینٹرل پولیس آفس کراچی میں انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) ڈپارٹمنٹ کے تحت ’تلاش سپر ایپ‘ کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے اس ایپ کو بنانے اور متعارف کرانے پر انفارمیشن ٹیکنالوجی سی پی او کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے اس کاوش کو لائق ستائش و تحسین قرار دیا ہے۔

آئی جی سندھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ سندھ پولیس جرائم کی روک تھام کو ٹیکنالوجی کی مدد سے یقینی بنانے کے لیے استعداد میں اضافہ کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سافٹ ویئر کو بنانے کا مقصد تفتیش کو آسان بنانا، مجرمان کی مشکلات بڑھانا اور ان کے حوصلوں کو پست کرنا ہے۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی مدد اور ماڈرن ٹیکنالوجی کے استعمال سے پولیس تمام تر آپریشنل اور انویسٹی گیشن اقدامات کو بہتر سے بہتر بنانے میں کوشاں ہے۔

آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس کے تفتیشی نظام کو بالکل علیحدہ سے قابل عمل بنانے اور شعبہ تفتیش سے وابستہ افسران و ملازمان کو جدید اور معیاری تربیت کے جیسے اقدامات پر عمل پیرا ہے جبکہ اس حوالے سے باقاعدہ سفارشات کی ترتیب کے لیے ایک کمیٹی کا قیام بھی عمل میں لایا جاچکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی دنیا کے لیے ایک ناسور بن چکی ہے اور ہمیں اپنے عوام کی جان و مال عزت و آبرو کے تحفظ کی خاطر اس ناسور کو جڑ سے نکال باہر کرنے کے لیے تمام تر انفرادی اور اجتماعی کوششوں کو صدق دل سے یقینی بنانا ہوگا۔

آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ عالمی معیار کی ٹیکنالوجی کے حصول کے لیے وزیراعلیٰ سندھ نے فنڈز کا اجراء کردیا ہے جس کا مقصد جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے پولیس کے جملہ امور کو مذید بہترین اور مؤثر بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں اس ایپ کو کراچی میں متعارف کروایا جارہا ہے اور جلد ہی اس کے دائرے کو سندھ کے دیگر اضلاع تک وسعت دے دی جائے گی۔

تقریب کے دوران ڈی آئی جی آئی ٹی پرویز چانڈیو نے اپنے خطاب میں تلاش ایپ کی خصوصیات کا بھی احاطہ کیا۔ 



Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *