پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شبلی فراز کا کہنا ہے کہ ہمیں نہیں پتہ اعظم سواتی نظر بند ہیں یا کہاں ہیں؟  ہمارا مطالبہ ہے اعظم سواتی کو واپس کیا جائے اور ایوان بالا کی حرمت بحال کی جائے۔

اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے پی ٹی آئی رہنماؤں نے سینیٹر اعظم سواتی کی گرفتاری  کے خلاف پریس کانفرنس کی، جس میں ان کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔

شبلی فراز نے کہا کہ اعظم سواتی کے گھر پر چھاپہ مارا گیا، ان پر تشدد کیا گیا، چور ڈاکو کابینہ میں بیٹھے ہیں، سینیٹرز اور عام لوگوں کو ذلیل کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اعظم سواتی پر تشدد کی مذمت کرتے ہیں، ایسی حرکتوں سے ہمارا مورال بلند ہوگا، ہم گھبرائیں گے نہیں۔

سینیٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ کل رات کو سینیٹر اعظم سواتی کے گھر کی چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا، خواتین اور بچوں کو ہراساں کیا گیا، گھر میں توڑ پھوڑ کی گئی۔

شہزاد وسیم نے کہا کہ اس وقت ملک میں قانون نام کی کوئی چیز نہیں، کسی کو آئین کی پرواہ نہیں، بڑے مرتبے  والا کوئی بیان دیتا ہے تو اسے معافی ہے، پی ٹی آئی کا رہنما بیان دیتا ہے تو اس کیلئے تشدد ہے۔

سینیٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے اعظم سواتی کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے جائیں، سینیٹر اعظم سواتی کو رہا کیا جائے، عمران خان کی قیادت میں پوری قوم یکجا ہے۔



Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *