[ad_1]

کامران ٹیسوری—فائل فوٹو
کامران ٹیسوری—فائل فوٹو

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان میں واپس شمولیت اختیار کرنے والے رہنما کامران ٹیسوری کو گورنر سندھ بنا دیا گیا۔

کامران ٹیسوری 5 مئی 1974ء کو کراچی میں پیدا ہوئے، ان کا تعلق پاکستان کی معروف بزنس مین فیملی سے ہے۔

متحدہ قومی موومنٹ کے ڈپٹی کنوینر کامران ٹیسوری 12 سال سے سیاست سے منسلک ہیں، اس سے قبل وہ کراچی میں سونے کے معروف تاجر کی حیثیت سے جانے جاتے تھے اور شعبۂ تعمیرات کے کاروبار سے بھی منسلک تھے۔

کامران ٹیسوری مشرف دور میں سیاست میں داخل ہوئے اور اس وقت کے وزیرِ اعلیٰ ارباب غلام رحیم سے قربت حاصل کی جس کی وجہ سے وہ کئی سیاسی اختلافات کا باعث بھی بنے۔

کامران ٹیسوری نے ابتداء میں مسلم لیگ فنکشنل میں شمولیت اختیار کی لیکن بعد میں پارٹی میں اختلافات کی وجہ سے وہ اس سے منسلک نہ رہ سکے۔

کامران ٹیسوری نے ایم کیو ایم میں شمولیت اختیار کرنے کی کوششیں جاری رکھیں، 2017ء میں ڈاکٹر فاروق ستار کو متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی سربراہی ملی تو انہوں نے کامران ٹیسوری کو پارٹی میں شدید اختلافات کے باوجود اہمیت دی، صوبائی اسمبلی کا ٹکٹ بھی دیا لیکن انہیں کامیابی نہیں ملی، بعد میں ان کو ڈپٹی کنوینر بنا دیا گیا اور ڈاکٹر فاروق ستار نے انہیں سینیٹ کا ٹکٹ دینے کے لیے سفارش بھی کی۔

اس معاملے پر پارٹی سینئر قیادت کی جانب سے شدید اختلاف سامنے آیا اور ڈاکٹر فاروق ستار نے پارٹی سے علیحدگی اختیار کر لی، ایسے میں 2022ء میں اگست اور ستمبر میں جب ڈاکٹر فاروق ستار کی ایم کیو ایم پاکستان میں واپس شمولیت کا معاملہ چلنے لگا ایسے میں پارٹی میں فاروق ستار تو واپس نہ آسکے لیکن کامران ٹیسوری کی واپسی ہو گئی۔

اس فیصلے کے بعد ایم کیو ایم پاکستان میں اختلافات ایک بار پھر کھل کر سامنے آ گئے ہیں، گزشتہ ماہ ستمبر میں کامران ٹیسوری کو ڈپٹی کنوینر کے عہدے پر بحال کرنے کے ساتھ مزید 2 ڈپٹی کنوینرز عبدالوسیم اور خواجہ اظہارالحسن کا اضافہ کیا گیا ہے۔

رابطہ کمیٹی کے اراکین کی متفقہ تائید سے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ان فیصلوں کی توثیق کی، اس طرح کامران ٹیسوری کی کامرانیوں کا سفر جاری ہے اور اب وہ صدر کی منظوری سے گورنر سندھ تعینات ہو گئے ہیں۔



[ad_2]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *