[ad_1]

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

کراچی کے علاقے ملیر کے شاہ لطیف ٹاؤن میں ایک سرکاری فوڈ کنٹرولر کے گھر میں کروڑوں روپے کی ڈکیتی کی واردات ہوئی ہے۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ملیر عرفان علی بہادر کے مطابق مسلح ملزمان اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر کے گھر سے کروڑوں روپے نقد اور دیگر سامان لے گئے۔

پولیس کے مطابق شاہ لطیف تھانے میں سکندر علی نے ایف آئی آر درج کرائی ہے، جس میں بتایا ہے کہ وہ حکومتِ سندھ کے فوڈ ڈپارٹمنٹ میں بحیثیت اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر کام کرتے ہیں۔

مدعی نے بتایا ہے کہ وہ رات پونے 12 بجے گھر کا دروازہ کھول کر گاڑی پارک کر رہے تھے کہ 2 نامعلوم مسلح ملزمان نے انہیں اسلحے کے زور پر یرغمال بنا لیا۔

سکندر علی کے مطابق ایک ملزم نے ان کے سر پر پستول رکھا اور اندر جانے کے لیے کہا، بات نہ ماننے کی صورت میں ملزمان نے جان سے مارنے کی دھمکی دی۔

مدعی کے مطابق گھر کے اندر لے جا کر ملزمان نے انہیں پورے گھر والوں سمیت کمرے میں بند کر دیا۔

ملزمان نے الماری میں رکھی ہوئی نقد رقم 1 کروڑ 70 لاکھ روپے، 55 تولے سونا اور 20 لاکھ روپے کے پرائز بانڈ لوٹ لیے۔

سکندر علی کا کہنا ہے کہ ملزمان نے مجموعی طور پر ڈھائی کروڑ سے زائد کی واردات کی ہے۔

سکندر علی نے واردات کی اطلاع مددگار پولیس 15 کو بھی دی، بعدازاں شاہ لطیف ٹاؤن تھانے پہنچ کر واردات کا مقدمہ درج کرا دیا۔

پولیس کو شبہ ہے کہ واردات میں مدعی کا کوئی واقف کار یا سابقہ ملازم ملوث ہو سکتا ہے۔



[ad_2]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *