[ad_1]

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے حکومت پر ہیکرز سے ڈیٹا خریدنے کا الزام لگادیا۔

اسلام آباد میں میڈیا گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ابھی تک وزیرِ اعظم آفس نے آڈیو لیک پر بیان جاری نہیں کیا، خبر ہے کہ حکومت اس وقت ہیکرز کے ساتھ مذاکرات کر رہی ہے کہ وہ یہ ڈیٹا خرید لیں، 20 اگست سے اب تک وزیرِ اعظم آفس کی آڈیو لیک ہوتی رہی ہے۔

مفتاح اسماعیل کو پارٹی چھوڑ دینی چاہیے، فواد چوہدری

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ مفتاح اسماعیل کو ہٹا کر اسحاق ڈار کو لایا جا رہا ہے، مفتاح کے بارے میں جو آڈیو لیک ہوئی، اس پر ان کو پارٹی چھوڑ دینی چاہیے، مفتاح سے کام نکلوا کر اسے بس کے نیچے دھکا دے دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیرِ داخلہ کہتے ہیں وزیرِ اعظم ہاؤس غیرمحفوظ ہے، آڈیو لیکس کے معاملے کی تحقیقات ہونی چاہیے، ہیکر کا کہنا ہے کہ دھماکا خیز گفتگو تو ابھی اس نے جاری ہی نہیں کی۔ 

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ ہم نے بہت خرچ کر کے ایجنسیوں کو جدید آلات سے لیس کیا، 340 گھنٹوں کی آڈیو لیک ہوئی لیکن کسی ادارے کو معلوم ہی نہیں ہوا، پاکستان کے وزیرِ اعظم کا دفتر بھی سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے غیرمحفوظ ہے، اس کی مذمت کرتے ہیں۔

مریم اورنگزیب اور رانا ثناء اللّٰہ کے بیانات مضحکہ خیز ہیں، پی ٹی آئی رہنما

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ مریم اورنگزیب اور رانا ثناء اللّٰہ نے بیانات دیے مگر دونوں کے بیانات ہی مضحکہ خیز ہیں، ان آڈیوز میں ایسی گفتگو ہے جس کے لیک ہونے پر حکومت خوفزدہ ہے، اب تک 6 کلپس سامنے آئے ہیں، ان کلپس میں مریم نواز اور شہباز شریف مفتاح اسماعیل سے متعلق بات کر رہے ہیں۔

فواد چوہدری کا مزید کہنا ہے کہ مفتاح اسماعیل کو پارٹی ہی چھوڑ دینی چاہیے تھی کہ ان کے متعلق ایسی گفتگو کی گئی، جس طرز پر ان کی گفتگو سامنے آئی ہے وہ حیران کن ہے، مریم نواز اور شہباز شریف کی پرویز مشرف سے متعلق گفتگو میں رویوں کا بدلاؤ حیران کن ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ گرگٹ ایسے رنگ نہیں بدلتے جیسے انہوں نے بدلے ہیں، چیف الیکشن کمشنر نے رانا ثناء اللّٰہ کے 5 اگست کے کہنے کے مطابق ہی استعفے منظور کیے، لندن سے بیٹھے نواز شریف جب فیصلے کررہے ہیں تو اس پر تحقیق ہونی چاہیے۔



[ad_2]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *