[ad_1]

عمران خان نے ممنوعہ فنڈنگ لے کر بیرونی ایجنڈا کی سیاست کی، احسن اقبال

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عمران خان نے ممنوعہ فنڈنگ لے کر بیرونی ایجنڈا کی تکمیل کی سیاست کی، عمران خان بار بار التوا لینے کی کوشش کرتے رہے، اگر فارن فنڈنگ میں کچھ نہیں تھا تو بار بار التوا کیوں لیا؟

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال  نے کہا کہ کبھی سپریم کورٹ اور کبھی ہائی کورٹ میں درخواست دیتے تھے، کبھی الیکشن کمیشن کی کارروائی کو ان کیمرہ رکھنے کی درخواست دیتے۔

احسن اقبال نے کہا کہ سیلاب نے ملک میں تباہی مچائی ہے، آپ کے پاس وقت نہیں، کے پی میں سیلاب نے بد ترین تباہی پھیلائی، آپ ان کے سر پر ہاتھ نہیں رکھتے، عمران خان ہیلی کاپٹر لے کر جلسے جلوس میں جا سکتے ہیں، انہیں سیلاب زدگان کی مدد کیلئے ہیلی کاپٹر دستیاب نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپ ملک کا خزانہ خالی کرکے معیشت تباہ کرکے چلے گئے، عمران خان اپنی ریلیاں چھوڑ کر خیبر پختونخوا کا دورہ کریں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آج دنیا میں کوئی یہ نہیں کہہ رہا کہ پاکستان سری لنکا بننےجا رہا ہے، معیشت، زرمبادلہ کے ذخائر اور روپیہ مستحکم ہو رہا ہے، آپ نے کشمیر کا سودا کیا ہے، آپ نے بھارت کے لوگوں سے ڈونیشن لیا،  کشمیر کے مسئلہ پر اسٹینڈ نہیں لیا، بھارت نے یکطرفہ طور پر کشمیر پر قبضہ کرلیا، آپ خاموش تماشائی بنے رہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دور حکومت میں سی پیک کو نشانہ بنایا جس سے فنڈنگ بند ہوئی، عمران حکومت نے 4 سال تک گوادر بندرگاہ کی صفائی کیلئے پیسے نہیں دیے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ عمران خان نے پاکستان کے آئینی اداروں کے خلاف باتیں کیں، انہوں نے 4 سال کے دور اقتدار میں کبھی قومی اتحاد کیلئے کوشش نہیں کی، اپنے دور حکومت میں عمران خان نے ایسا کوئی قدم نہیں اٹھایا جس سے معیشت مضبوط ہوتی، 3 سال میں عمران خان نے ملک کی فوڈ سیکیورٹی تباہ کردی، مہنگائی کا جن عمران خان بوتل سے نکال کرگئے۔

احسن اقبال نے کہا کہ ملک کے تمام اداروں نے کہا کہ بیرونی سازش والا الزام جھوٹا ہے، ہم پاکستان کو ایک نئے ہٹلر کے ہاتھوں یرغمال نہیں بننے دیں گے، ہم 29 ارب ڈالر کے سی پیک کے منصوبے ملک میں لے کر آئے۔

انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان صادق اور امین تھے تو اکاؤنٹس کیوں چھپائے، عمران خان کو اپنے تمام جرائم پر آئین اور قانون کا سامنا کرنا پڑے گا، عمران خان کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہو گی جیسے انہوں نے ہمارے ساتھ کیا، عمران خان سیاست میں مذہبی کارڈ استعمال نہیں کریں۔



[ad_2]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *