[ad_1]
پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر بلوچستان میں لاپتہ ہوگیا، ہیلی کاپٹر میں کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت 6 افسران سوار ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ہیلی کاپٹر کا ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ہیلی کاپٹر لسبیلہ کے علاقے میں سیلاب ریلیف آپریشن کا حصہ تھا۔
ہیلی کاپٹر میں کور کمانڈر سمیت 6 فوجی افسران سوار ہیں جو سیلاب ریلیف آپریشن کا معائنہ کر رہے تھے۔
ذرائع کے مطابق ہیلی کاپٹر میں شامل دیگر افسران میں ڈی جی کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد، بریگیڈیئر خالد، میجر سعید (پائلٹ)، میجر طلحہ (پائلٹ) اور نائیک مدثر بھی شامل ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ ہیلی کاپٹر کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔
ڈی آئی جی خضدار پرویز عمرانی نے کہا ہے کہ پولیس کی ٹیمیں بھی ہیلی کاپٹر تلاش کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ علاقہ پہاڑی سلسلوں پر مشتمل ہے، تلاش میں مشکلات کا سامنا ہے۔
ڈی آئی جی خضدار نے کہا کہ پولیس ٹیمیں موٹر سائیکلوں پر بھی دشوار علاقوں میں تلاش میں مصروف ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اور ایف سی کا مشترکہ ریسکیو آپریشن 5 گھنٹوں سے جاری ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان سے آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر کی گمشدگی تشویشناک ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم سیلاب متاثرین کی مدد پر نکلنے والے وطن کے ان بیٹوں کی سلامتی کے لئے دعاگو ہے۔
[ad_2]