الیکشن وقت پر ہوں گے، حکومت مدت پوری کرے گی، مولانا فضل الرحمان


الیکشن وقت پر ہوں گے، حکومت مدت پوری کرے گی، مولانا فضل الرحمان

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ الیکشن اپنے وقت پر ہوں گے، حکومت اپنا وقت پورا کرے گی۔

اسلام آباد میں پی ڈی ایم اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان کا ساڑھے 3 سال کا گند 1 سال میں صاف کرنا مشکل ہے، عمران خان نوجوانوں کو گمراہ کر رہے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پی ڈی ایم کا اجلاس چند روز مزید جاری رہے گا، سیاسی جماعتوں کی رائے لے کر مشترکہ حکمت عملی طے کی جائے گی، فل کورٹ کے ذریعے آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے لیے صدارتی ریفرنس دائر کیا جائے۔

سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ ملک کی ساکھ بچانا ہمارے لیےچیلنج ہے، الیکشن کمیشن فوری طور پر فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنائے، ثابت ہوگیا ہے کہ پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن سے اپنے اکاؤنٹس چھپائے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے پراسرار خاموشی کی چادر اوڑھی ہوئی ہے، 8 سال کی تاخیر سے اداروں کی کمزوری کا تاثر مضبوط ہو رہا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مضبوطی سے فیصلے کریں گے، تیزی سے آگے بڑھیں گے، عمران خان سب سے بڑا مگر مچھ ہے، اس کے گریبان پر ہاتھ پڑے گا۔