کراچی کے لوگ بدترین اذیت سے دوچار ہیں، حافظ نعیم الرحمٰن


۔۔۔فائل فوٹو
۔۔۔فائل فوٹو

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ اس وقت شہر کے لوگ بدترین اذیت سے دوچار ہیں۔

ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ شہر کے سیاسی ایڈمنسٹریٹر مرتضیٰ وہاب صوبائی وزراء کے ساتھ دورے کررہے ہیں، مرتضیٰ وہاب کو کسی چنگچی رکشے میں بٹھا کر شہر کا حال دکھایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ سینٹرل کی کوئی مرکزی شاہراہ ایسی نہیں جو ٹوٹی ہوئی نہ ہو، راشد منہاس روڈ اور یونیورسٹی روڈ کا برا حال ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ شہر کی ہر سڑک پر جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر ہیں، اندرونی گلیوں میں برسات اور گٹر کا پانی اب تک کھڑا ہے، پوش اور مضافاتی علاقے سب کا برا حال ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ ڈیفنس سے سرجانی اور لانڈھی، کورنگی سے اولڈ سٹی سب جگہ بد ترین صورتحال ہے، پارٹی جھنڈے لگا کر ہونے والا تمام کام پانی میں بہہ گیا ہے۔