سپریم کورٹ کے فیصلوں میں سیاہ باب کا اضافہ ہوا، شاہد خاقان


سپریم کورٹ کے فیصلوں میں سیاہ باب کا اضافہ ہوا، شاہد خاقان

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ بینچ بننے کے بعد بچہ بچہ کہہ رہا تھا کہ یہی فیصلہ آئے گا۔

عدالتی فیصلے پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں میں سیاہ باب کا اضافہ ہوا ہے، نہ اسے تاریخ قبول کرے گی نہ یہ ملک کے مفاد میں ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ عدلیہ پارلیمان کے دائرے کو چیلنج کررہی ہے، انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا سپریم کورٹ کے باقی 12 ججز میں اہلیت نہیں ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ آج ملکی مسائل کا حل انتخابات میں نہیں ہے، اکتوبر کا تعلق انتخابات سے نہیں ہے۔ انتخابات کا فیصلہ اتحادی کریں گے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے پرویز الہٰی کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے انہیں وزیراعلیٰ پنجاب قرار دے دیا، جس کے بعد حمزہ شہباز وزیر اعلیٰ پنجاب نہیں رہے۔