بارش کے باعث ٹرینیں لیٹ، اسٹیشنز پر ناکافی سہولتیں، مسافر پریشان

[ad_1]

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

کراچی: (رپورٹ: اعجاز احمد) ملک بھر خصوصاً کراچی اور حیدرآباد میں شدید بارشوں اور موسم کی خرابی کے باعث کراچی سے چلنے والی کچھ ٹرینیں اب تک تاخیر کا شکار ہیں۔

جبکہ اتوار کو شدید بارش کی وجہ سے کراچی سٹی اور کینٹ اسٹیشنز پر مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا رہا، جو ٹرینوں کی آمد و رفت کے انتظار میں مختلف پلیٹ فارمز پر پریشان گھومتے نظر آئے، خصوصاً خواتین اور کم سن بچے پلیٹ فارمز پر ناکافی شیڈز کے سبب پانی میں بھیگتے رہے۔

ان مسافروں کے بیٹھنے کے لیے پلیٹ فارمز پر کوئی معقول انتظام بھی نہیں، جبکہ مرد مسافر اپنے اہل خانہ کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے کوشاں رہے۔

پاکستان ریلوے کے مطابق اتوار کو کراچی سے اندرون ملک جانے والی ٹرینوں کی روانگی کا شیڈول کچھ اس طرح رہا۔ 

رحمان بابا ایکسپریس صبح 10 بجے کے بجائے دوپہر 12 بجے، پاکستان ایکسپریس دوپہر ایک بجے کے بجائے سہہ پہر سوا 4 بجے، علامہ اقبال ایکسپریس دوپہر 2 بجے کے بجائے سہہ پہر پونے 4 بجے، قراقرم ایکسپریس سہہ پہر ساڑھے 3 کے بجائےشام پونے 5 بجے تک تاخیر سے آمد و رفت ہوئی۔

اسی طرح کراچی ایکسپریس سہہ پہر ساڑھے 4  کے بجائے شام 5 بجے، ملت ایکسپریس شام 5 کے بجائے رات 8 بجے، شاہ حسین ایکسپریس شام ساڑھے 7  کے بجائے رات ساڑھے 9 بجے اور سکھر ایکسپریس رات 11 کے بجائے رات 12بجے تک لیٹ رہے۔ 

حکام کا کہنا ہے کہ ٹرینوں کی آمدو رفت بہتر بنانے پر کام کیا جا رہا ہے اور چند روز میں ٹرینیں اپنے مقررہ وقت پر چلنا شروع ہو جائیں گی۔



[ad_2]