پاکستان میں کورونا وائرس کی وباء ابھی
مزید بڑھنی ہے، وزیراعظم
اسلام آباد(ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی وباء ابھی مزید بڑھنی ہےتاہم اس کی شرح کا پتہ نہیں ‘کتنی بڑھے گی ایک ہفتے میں پتہ چل جائے گا۔
25اپریل تک احتیاطی تدابیر جاری رکھی گئیں تو متاثرین کی تعداد 20 سے 25 ہزار تک رہنے کا امکان ہے بصورت دیگر یہ تعداد 50 ہزار تک بڑھنے کا خدشہ ہے۔
کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال ایک آزمائش ہے‘ہماری قوم مل کر اس کا مقابلہ کرے گی اور ایک عظیم قوم بن کر ابھرے گی، ملک کے غریب اور کمزور طبقات کا خصوصی خیال رکھنا ہو گا، اس مقصد کے لئے کورونا ریلیف فنڈ اور ٹائیگر فورس کا کردار بہت اہم ہے۔
ٹائیگر فورس سے غیرسیاسی کام لیاجائے گا‘ عوام ڈسپلن قائم کریں اور یقین رکھیں کہ ان کا پیسہ ضائع نہیں ہو گا‘حالات کے پیش نظر تعمیراتی صنعت کو کھولنے کا فیصلہ کیاہے۔
بدھ کو یہاں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کوئی بھی جنگ حکومت اکیلے نہیں جیت سکتی‘ہم سب کو اپنے اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہو گا‘آنے والے دنوں میں وباءکی کیا صورتحال ہو گی اس کا دنیا میں کسی کو بھی اندازہ نہیں ہے‘ اس وباءسے بچنے کے لئے احتیاط ضروری ہے۔