تاجروں کا کل سے کراچی میں کاروبار کھولنے کا عندیہ:

کراچی کے تاجروں نے کل سے شہر میں کاروباری سرگرمیاں شروع کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

سٹی تاجر اتحاد کےصدرشرجیل گوپلانی کا اس حوالے سے ایک بیان میں کہنا ہے کہ کل سے کراچی میں کاروباری سرگرمیاں شروع کرنے کا اعلان کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے روکنے کی کوشش کی صورت میں ہم نے لائحہ عمل تیار کر لیا ہے۔

سٹی تاجر اتحاد کے صدر نے اس مؤقف کا اظہار کیا کہ کاروبار کھولنے کے حوالے سے صفائی اور فاصلے کا خیال رکھیں گے، ہمارے سامنے کھائی اور پیچھے کنواں ہے۔

شرجیل گوپلانی نے یہ بھی کہا کہ حکومت بے روزگاروں کو امداد دینے میں ناکام رہی ہے، تنخواہوں کے قرض کی اسٹیٹ بینک اسکیم صرف رجسٹرڈ کاروبار کے لیے ہے۔

واضح رہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے لیے عائد کیے گئے لاک ڈاؤن کی میعاد آج ختم ہو رہی ہے جبکہ حکومت کی جانب سے آج اس لاک ڈاؤن میں توسیع کی بھی توقع ہے۔