کرونا وائرس : صفائی پروگرام کے پیش نظر کرفیو میں غیرمعیّنہ مدت کی توسیع
متحدہ عرب امارات نے ملک گیرصفائی پروگرام کو مزید توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔یو اے ای کی وزارت داخلہ اور وزارت صحت نے ایک مشترکہ بیان میں اس کی تصدیق کی ہے۔
یو اے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق دونوں وزارتوں نے کہا ہے کہ اب صفائی پروگرام میں ملک میں شامل تمام امارتوں کے مزید اداروں اور تنصیبات کو شامل کیا جائے گا۔اس پروگرام کا عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او) کی منظور شدہ سفارشات کی روشنی میں جائزہ لیا جائے گا۔‘‘
یو اے ای کی حکومت نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے 26 مارچ کو صفائی کی قومی مہم شروع کی تھی،گذشتہ اس میں پانچ اپریل تک توسیع کی گئی تھی اور یہ اتوار کو ختم ہونے والی تھی۔اب اس میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کردی گئی ہے۔
اس صفائی پروگرام کے دوران میں رات آٹھ بجے سے صبح چھے بجے تک کرفیونافذ ہوتا ہے اور لوگوں کو اپنے گھروں ہی میں رہنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔ اس مہم کے تحت سرکاری تنصیبات،عمارتوں، بس اسٹیشنوں اور ٹراموں کو مصفا کیا جارہا ہے۔
وام نے دونوں وزارتوں کے بیان کے حوالے سے کہا ہے کہ ’’صفائی پروگرام میں توسیع کا فیصلہ اس کے کامیاب نفاذ کی روشنی میں کیا گیا ہے۔اس کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے اور متعدد مجازاداروں کی بروئے کار لایاجارہا ہے۔اس میں وفاقی اور مقامی حکومتوں کے سیکڑوں کارکنان ، نگران اور منتظمین حصہ لے رہے ہیں۔‘‘
دبئی میڈیا آفس نے ٹویٹر پر صفائی پروگرام کی ویڈیوز بھی پوسٹ کی ہیں۔ان میں میٹرو ، ٹیکسیوں ، بسوں اور ٹراموں کو جراثیم کش سپرے سے مصفا کیا جارہا ہے۔
دبئی پولیس نے بڑی شاہراہوں پر راڈاروں کی تصاویر اور ویڈیوز شئیر کی ہیں۔ ان کی مدد سے کرفیو کی خلاف کرنے والے ڈرائیوروں کو پکڑا جارہا ہے اور ان پر بھاری جرمانے عاید کیے جارہے ہیں۔