اتصالات کی جانب سے اگلے دو ماہ کے لیے تمام انٹرنیٹ ویڈیو اوروائس کالز مفت کر دی گئیں
ابوظہبی( اردواخبار مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے جزوی کرفیو لگایا گیا ہے۔ حکام کی جانب سے عوام کو گھروں تک ہی محدود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، اور پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانے کی سزا سے ڈرایا جا رہا ہے۔ ایسے میں متحدہ عرب امارات کی سب سے بڑی ٹیلی کام کمپنی اتصالات نے عوام کو گھروں میں ہی رکھنے کے لیے ایک شاندار اعلان کر دیا ہے۔اتصالات کی جانب سے خوشخبری سنائی گئی ہے کہ اس کے تمام صارفین کو اپریل اور مئی کے دو مہینوں کے دوران انٹرنیٹ آڈیو اور ویڈیو کالز مفت کرنے کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔ اتصالات کی جانب سے صارفین کو بھیجے گئے ایس ایم ایس میں لکھا ہے ”اس مشکل کی گھڑی میں اپنے پیاروں سے رابطے میں رہنے کی خاطر، اپریل اور مئی کے مہینوں میں انٹرنیٹ کالنگ پلان کی سروس سبسکرائب کر لیجیے، جو بالکل مفت ہے۔اس سہولت کے تحت آپ مخصوص ایپس کی مدد سے مفت ویڈیو اور آڈیو کالز کر سکتے ہیں۔ یہ سہولت سبسکرائب کرنے کے لیے ‘ICP‘ لکھ کر 1012پر بھیج دیں۔ گھروں پر اکٹھے مل بیٹھنا بہت ضروری ہے۔“ اتصالات کی جانب سے اس آفر کا مقصد لوگوں کو گھروں پر زیادہ سے زیادہ وقت گزارنے کی ترغیب دینا ہے جس دوران وہ اپنی وقت گزاری کے لیے مفت کی ویڈیو اورآڈیو کالز کر سکیں گے۔ اتصالات کی جانب صارفین کو پوسٹ پیڈ اور پری پیڈ موبائل کالنگ پلانز، موبائل کا بل کم رکھنے کی خاطر ڈیلی پلان اور ای لائف ہوم کا ماہانہ پلان بھی متعارف کرایا گیا ہے۔ اتصالات کے کسی بھی انٹرنیٹ کالنگ پلان کو سبسکرائب کرنے کے بعد صارفین ,HiU,Voice UAE BOTIMاور C’Meجیسی ایپس کی مدد سے اپنے پیاروں کو آڈیو اور ویڈیو کالز کر سکیں گے۔