امریکہ میں کورونا وائرس سے ایک دن میں اب تک ہونے والی کسی بھی ملک سے زیادہ ہلاکتیں ریکارڈ.

گزشتہ روز امریکہ میں ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار 871 تھی جو کہ اب بڑھ کر 12 ہزار 854 ہو گئی ہے، امریکہ میں 1 ہزار سے زائد ہلاکتوں کا یہ مسلسل ساتواں روز ہے۔

تفصیلات کے مطابق امریکہ میں مسلسل ساتویں روز بھی ایک ہزار سے زائد ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 12 ہزار 854 تک جا پہنچی ہے۔

کورونا وائرس سے متعلق معلومات فراہم کرنے والے عالمی میٹر کے مطابق اس وقت امریکہ میں کورونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 12 ہزار 854 ہے جبکہ یہ تعداد گزشتہ کل 10 ہزار 871 تھی۔ مجموعی طور پر امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 1 ہزار 983 بنتی ہے جو کہ کورونا وائرس سے ہونے والی کسی بھی ملک کی یومیہ ہلاکتوں سے کہیں زیادہ ہے۔

علاوہ ازیں امریکہ میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 33 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4 لاکھ سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق اس وقت امریکہ وائرس سے متاثرہ ممالک میں سر فہرست ہے جہاں 4 لاکھ 412 افراد وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔

امریکہ کے بعد دوسرے نمبر پر اسپین ہے جہاں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1 لاکھ 41 ہزار 992 ہے۔ سب سے زیادہ وائرس سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں اٹلی تیسرے نمبر پر آتا ہے جہاں وائرس زدہ افراد کی تعداد 1 لاکھ 35 ہزار 586 ہے۔ چوتھے نمبر پر فرانس ہے جہاں متاثرہ افراد کی تعداد 1 لاکھ 9 ہزار 69 ہے جبکہ پانچویں نمبر پر پر جرمنی ہے جہاں کورونا کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 7 ہزار 663 ہے۔

مذکورہ پانچوں ممالک کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں جہاں کیسز کی تعداد لاکھوں میں چلی گئی ہے اس کے علاوہ وائرس کا مرکز سمجھے جانے والے ملک چین میں مجموعی کیسز کی تعداد 81 ہزار 802 ریکارڈ کی گئی ہے۔ مہلک وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کا جائزہ لیا جائے تو اٹلی میں سب سے زیادہ 17 ہزار 127 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں اب تک۔ زیادہ ہلاکتوں والے ممالک میں اسپین دوسرے نمبر پر آتا ہے جہاں 14 ہزار 45 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔
اس کے بعد تیسے نمبر پر امریکہ آتا ہے جہاں ہلاکتوں میں مسلسل اضافے کے بعد تعداد 12 ہزار 854 تک جا پہنچی ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ ہلاکتیں برداشت کرنے والے ممالک میں فرانس کا چوتھا نمبر ہے جہاں مہلک وائرس کا شکار ہو کر زندگی کی بازی ہار جانے والے افراد کی تعداد 10 ہزار 328 ہو چکی ہے۔ پانچویں نمبر پر برطانیہ ہے جہاں وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 6 ہزار 159 ریکارڈ کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ عالمی سطح پر اب تک کورونا وائرس سے 82 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ متاثرین کی مجموعی تعداد 14 لاکھ 31 ہزار 689 تک پہنچ گئی ہے۔ وائرس زدہ 3 لاکھ سے زائد افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔