یواے ای میں مقیم 20 ہزار سے زائد پاکستانیوں کی وطن واپسی کی تیاری
پاکستانی قونصل جنرل کی بھی وطن واپسی کے خواہشمندوں کو رجسٹرڈ کرنے کی مہم جاری ہے، ہماری جلد ازجلد واپسی کی فلائٹ بُک کروائی جائیں، سینکڑوں پاکستانیوں کا قونصل جنرل سے مطالبہ
دبئی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 اپریل 2020ء) متحدہ عرب امارات میں مقیم 20 ہزار سے زائد پاکستانیوں نے وطن واپسی کی تیاری کرلی ہے، دبئی میں پاکستانی قونصل جنرل نے بھی وطن واپس جانے والوں کو باقاعدہ رجسٹرڈ کرلیا ہے، سینکڑوں لوگوں نے دبئی قونصل خانے میں جمع ہوکر مطالبہ کیا کہ ان کی وطن واپسی کی جلد فلائٹ بُک کروائی جائے۔ تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں لوگوں پرخوف نے پنجے گاڑھے ہوئے ، جہاں پر اپنے ممالک کے اندر رہتے ہوئے شہری شدید مسائل سے دوچار ہیں وہاں پراپنے وطن سے ہزاروں میل دور دوسرے ممالک میں محنت مزدوری اور ملازمت کرنے والے افراد بھی شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔
متحدہ عرب امارات میں رہائش پذیر اوروزٹ ویزے پر جانے والے پاکستانیوں نے بھی وطن واپسی کی خواہش کا اظہار کردیا ہے۔
دبئی میں پاکستانی قونصل جنرل نے پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی کیلئے رضامندی جاننے کیلئے ایک 3 اپریل کو مہم لانچ کی، تاکہ ایسے لوگوں رجسٹرڈ کیا جاسکے ۔اس مہم کے صرف تین روز میں 20,000 پاکستانیوں نے وطن واپسی کیلئے رجسٹریشن کروالی ہے۔
سینکڑوں پاکستانیوں نے برج دبئی میں واقع قونصل جنرل میں جمع ہوکر باقاعدہ مطالبہ کیا ہے کہ ہمیں پاکستان بھیجا جائے اور ہماری جلد بکنگ کروائی جائے۔واضح رہے امارتی ایئرلائنز نے ایسے غیرملکیوں کیلئے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیاہے، جو یواے ای میں ہیں اور اپنے وطن واپس جانا چاہتے ہیں۔ تاہم ابھی تک جن ممالک کیلئے امارتی ایئرلائن ایمریٹس نے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، اس لسٹ میں پاکستان کا نام شامل نہیں۔ لیکن پاکستانی سفاتخانہ رجسٹرڈ لوگوں کی بناء پر ایئرلائن سے فلائٹ چلانے کا مطالبہ کرسکے گا۔