ریاض: دنیا بھر میں نہایت مہلک ثابت ہونے والے کرونا وائرس سے کن لوگوں کو زیادہ خطرہ ہے، اس سلسلے میں سعودی وزارتِ صحت نے اہم معلومات جاری کر دیں۔
تفصیلات کے مطابق سعودی وزارتِ صحت نے خبردار کیا ہے کہ کو وِڈ نائنٹین سے ہونے والے انفیکشن سے سب سے زیادہ خطرہ ذیابیطس اور دل کے مریضوں کو ہے۔
سعودی وزارتِ صحت کی جانب سے سرکاری ویب سائٹ پر بتایا گیا ہے کہ جن لوگوں کا امراض کے خلاف مزاحمتی نظام کم زور ہے، انھیں کرونا وائرس لگنے کا زیادہ خطرہ لاحق ہے۔
بتایا گیا کہ دل کے مریض، بلڈ پریشر اور پھیپھڑوں کے امراض میں مبتلا، ذیابیطس، کینسر اور سگریٹ نوشی کے عادی افراد کا مزاحمتی نظام کم زور ہوتا ہے جس کے باعث وہ کرونا وائرس کے خطرے کی زد پر ہیں۔
بڑی کمی، سعودی عرب میں پیٹرول کے نئے نرخ جاری
وزارتِ صحت کی جانب سے بتایا گیا کہ کرونا وائرس سے اب تک ہونے والی اموات میں یہ بات دیکھی گئی ہے کہ زیادہ تر مریض مذکورہ بیماریوں میں مبتلا تھے۔ ان امراض میں مبتلا افراد کو خصوصی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گھروں پر رہیں اور انتہائی ضرورت کے بغیر گھر سے نہ نکلیں تاکہ وہ وائرس سے محفوظ رہ سکیں۔
جاری ہدایات میں کہا گیا کہ جن لوگوں میں کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہوئی ہیں، ان سے ملنے سے مکمل پرہیز کیا جائے، دونوں ہاتھ پابندی سے صابن سے دھوتے رہیں اور زیر استعمال چیزیں صاف رکھیں۔
وزارت صحت کی ویب سائٹ پر سماجی فاصلہ قائم رکھنے، مصافحہ نہ کرنے، اجتماعات سے دور رہنے، سامان نہ چھونے، ماسک کے استعمال، دستانے پہننے اور ہاتھوں کو اچھی طرح سینیٹائز کرتے رہنے سے متعلق اہم ہدایات بھی جاری کی گئیں۔
The post کرونا وائرس سے کن لوگوں کو زیادہ خطرہ ہے، سعودی وزارتِ صحت نے بتا دیا appeared first on ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar.